خُرم امتیاز کی تھائی لینڈ میں شاندار فتح، منگولین حریف کو سخت مقابلے کے بعد شکست

newsdesk
3 Min Read
خُرم امتیاز نے پٹایا میں ایم ٹی 400 ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔

لاہور: پاکستان کے خُرم امتیاز نے آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز ٹور ایم ٹی 400 ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں عمدہ حوصلے، ثابت قدمی اور فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگولیا کے بایاسگلان سندوئیجاو کو شکست دے دی۔ یہ مقابلہ تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کے گریٹا اسپورٹس کلب میں مینز 55 پلس سنگلز کے سلسلے میں کھیلا گیا۔

خُرم امتیاز نے ایک گھنٹہ 50 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 6-3، 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی ویٹرن کھلاڑی نے طاقتور گراؤنڈ اسٹروکس، بہترین کورٹ کوریج اور مسلسل ریٹریونگ کے ذریعے حریف کو بھرپور جواب دیا، جبکہ کئی طویل اور مشکل ریلیز میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

دوسرے سیٹ میں خُرم امتیاز کو 2-4 کے خسارے کا سامنا تھا، تاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اور اہم مرحلے پر اپنے کھیل کا معیار بلند کیا۔ انہوں نے پہلے بریک واپس لے کر مقابلہ 4-4 سے برابر کیا، پھر ایک اور فیصلہ کن بریک حاصل کی اور اس کے بعد اعتماد کے ساتھ اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔ دباؤ کے لمحات میں ان کی مزاحمت، حکمتِ عملی اور بہتر کارکردگی فتح کا سبب بنی، جبکہ منگولین کھلاڑی نے بھی پورے میچ میں بھرپور مزاحمت دکھائی۔

مینز 55 پلس سنگلز کے ایک اور مقابلے میں پاکستان کے فرقان الدین خان کو بھارت کے چوتھے سیڈ نشاد جے پرکاش کے خلاف میچ سے دستبردار ہونا پڑا۔ افتتاحی سیٹ 2-2 سے برابر تھا کہ فرقان الدین خان کو ٹینس ایلبو کی تکلیف دوبارہ محسوس ہوئی، جس کے باعث وہ مقابلہ جاری نہ رکھ سکے۔

دوسری جانب مینز 70 پلس سنگلز میں پاکستان کے وقار نثار کو جاپان کے یوتاکا ارائی کے ہاتھوں 0-6، 1-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اتوار کو شیڈول مقابلوں میں خُرم امتیاز مینز 55 پلس سنگلز کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے تیسرے سیڈ ڈیمین پاؤنڈ کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ وقار نثار مینز 70 پلس سنگلز گروپ اے راؤنڈ رابن مقابلے میں بیلجیئم کے ژاں ژاک ڈیلپورٹ سے مقابلہ کریں گے۔

ڈبلز ڈراز کا اعلان اتوار کو کیا جائے گا، جبکہ ڈبلز میچز پیر سے شروع ہوں گے۔ پاکستانی دستے نے دی بینک آف پنجاب، لاہور جم خانہ کلب، جے ڈی ڈبلیو گروپ، ریوائیو بائی گیٹوریڈ اور جمال پولیمرز کی فراخدلانہ اسپانسرشپ اور مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

Share This Article