راولپنڈی (19 نومبر 2026) — بنگش کالونی، کٹاریاں اور کمرشل مارکیٹ میں صفائی کی ناقص صورتحال اور کچرے کے ڈھیروں کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
یونین کونسل 09 بنگش کالونی، یونین کونسل 13 کٹاریاں اور یونین کونسل 20 کمرشل مارکیٹ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر کچرا جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے بارہا شکایات کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔
چیئرمین پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ ظہیر احمد اعوان نے بنگش کالونی کے دورے کے موقع پر کہا کہ گوگل پن لوکیشن، تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے متعدد بار شکایات ارسال کی گئیں، مگر صفائی کا کام نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق متعلقہ آپریشنل ٹیم کی کارکردگی بظاہر فوٹو سیشن اور نمائشی دوروں تک محدود ہے۔
اس موقع پر اہلیان بنگش کالونی زیشان خان، راشد علی، محمد عمران، عرفان بھٹی، مریم بی بی اور آپا ظہراں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ستھرا پنجاب کے متعلقہ افسران کی غفلت پر سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں فوری صفائی یقینی بنائی جائے۔
