اسلام آباد: پاکستان بیت المال نے وزیراعظم پاکستان کے وژن اور ہدایات کے مطابق بلوچستان میں فلاحی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے بلوچستان انیشی ایٹو کے تحت مختلف خالی انتظامی اور پراجیکٹ آسامیوں پر بھرتیوں کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
پاکستان بیت المال کے مطابق ان بھرتیوں کے لیے محکمانہ سلیکشن بورڈز اور کمیٹیاں باضابطہ طور پر تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ مقررہ بھرتی معیار اور اشتہار سے متعلق عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔
آئندہ بھرتیوں میں انتظامی آسامیوں کے تحت اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری، آفس اسسٹنٹ، جونیئر کلرک، ڈسپیچ رائیڈر، اکاؤنٹس/آڈٹ اسسٹنٹ، ہارڈویئر انجینئر اور ڈیٹا انٹری آپریٹر کی نشستیں شامل ہوں گی۔
اسی طرح چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے قائم اسکولز برائے بحالی اطفال محنت کشاں (SRCLs) اور ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز (WECs) میں پراجیکٹ انچارج، ٹیچر انچارج، فیلڈ اسسٹنٹ، انسٹرکٹر، ٹیچر، اکاؤنٹس اسسٹنٹ اور کمپیوٹر انسٹرکٹر کی پراجیکٹ آسامیوں پر بھی بھرتی کی جائے گی۔
پاکستان بیت المال کے مطابق موزوں امیدواروں کے انتخاب کا عمل مقررہ قواعد، ضوابط اور معیار کے تحت جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال، سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھرتیوں کا عمل شفاف، منصفانہ اور سختی سے میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا، جبکہ تمام اہل امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ادارے کے شعبہ ہیومن ریسورسز نے بھرتی کے عمل کو آگے بڑھانے اور اہل و موزوں امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامی اور دفتری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
پاکستان بیت المال کے مطابق یہ اقدام بلوچستان میں سماجی بہبود، ادارہ جاتی مضبوطی، روزگار کے مواقع اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے وزیراعظم پاکستان کے وژن کو عملی شکل دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
