شعیب، یوسف، برکت اور مدثر پاکستان اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں داخل

newsdesk
3 Min Read
لاہور میں دسویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنلز کھیلے گئے۔

لاہور: دسویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں مردوں کے سنگلز کے کوارٹر فائنلز مکمل ہو گئے، جہاں محمد شعیب، یوسف خلیل، برکت اللہ اور مدثر مرتضیٰ نے کامیابیاں حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ یہ مقابلے بدھ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی، نشتر پارک میں کھیلے گئے۔

مردوں کے سنگلز کوارٹر فائنلز میں محمد شعیب نے ابوبکر طلحہ کو 6-2، 6-3 سے شکست دی، جبکہ مدثر مرتضیٰ نے حرا عاشق کے خلاف 6-3، 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔ یوسف خلیل نے ایم حذیفہ خان کو 6-2، 6-2 سے زیر کیا، جبکہ برکت اللہ نے اسد زمان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 6-0، 6-0 سے یکطرفہ فتح اپنے نام کی۔

خواتین کے سنگلز کوارٹر فائنلز میں بھی سیمی فائنل لائن اَپ مکمل ہو گئی۔ اُشنا سہیل نے ثانیہ زہرا کو 6-0، 6-1 سے ہرایا، ایشا جواد نے خدیجہ خلیل کے خلاف 6-1، 6-1 سے کامیابی حاصل کی، بسمہ ضیا نے عائشہ شاہد کو 6-0، 6-1 سے شکست دی، جبکہ محق کھوکھر نے فجر فیاض کو 6-2، 6-2 سے ہرا کر آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی۔

مردوں کے ڈبلز کوارٹر فائنلز میں ایم طلحہ خان اور ایم حذیفہ خان کی جوڑی نے اسد زمان اور عمران بھٹی کو 6-0، 6-4 سے شکست دی۔ محمد شعیب اور مدثر مرتضیٰ نے احمد بابر اور حرا عاشق کے خلاف 6-1، 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔

سینئرز 45 پلس ڈبلز کوارٹر فائنلز میں محبوب وحید اور فیاض خان نے بریگیڈیئر منظور اور حسن منصور کو 2-6، 6-3، 10-4 سے زیر کیا۔ خرم امتیاز اور عارف فیروز نے کامران قریشی اور ڈاکٹر عارف کو 6-2، 6-0 سے شکست دی، جبکہ ہادی حسین اور ڈاکٹر صہیب نے ساجد بخاری اور امجد کے خلاف 6-2، 6-2 سے کامیابی حاصل کی۔

سینئرز 55 پلس ڈبلز کوارٹر فائنلز میں کامران قریشی اور وحید چوہدری نے ایم عیسیٰ جی اور ذوالفقار کو 6-0، 6-0 سے ہرایا، جبکہ احسن رزاق اور کرنل وقار نے کرنل ایم صغیر احمد اور حسنین مرزا کے خلاف 7-5، 6-4 سے فتح حاصل کی۔

Share This Article