بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں خزاں 2026 کے داخلے 4500 سے بڑھ گئے

newsdesk
3 Min Read
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے خزاں 2026 میں 4500 سے زائد داخلوں کا سنگ میل عبور کیا۔

راولپنڈی، 18 اکتوبر 2026: پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی قیادت میں داخلوں کی تاریخ میں نیا سنگ میل عبور کر لیا، جہاں سمسٹر خزاں 2026 میں 4500 سے زائد نئے طلبہ نے داخلہ حاصل کیا۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری چار سالہ تقابلی جائزے کے مطابق سال 2024 میں داخلوں کی تعداد 2600 تھی، جس کے مقابلے میں رواں سال داخلوں میں 65.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح خزاں 2025 کے 4100 داخلوں کے مقابلے میں بھی تقریباً 5 فیصد اضافہ سامنے آیا، جو جامعہ کے تعلیمی معیار پر بڑھتے ہوئے عوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق خزاں 2023 میں داخل ہونے والے طلبہ کی تعداد 3000 تھی، جو خزاں 2024 میں 13.3 فیصد کمی کے ساتھ 2600 رہ گئی۔ تاہم خزاں 2025 میں یونیورسٹی نے بھرپور واپسی کی اور داخلے 57.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4100 تک جا پہنچے۔ اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے خزاں 2026 میں داخلوں کی تعداد 4500 سے تجاوز کر گئی، جسے یونیورسٹی کی داخلہ تاریخ کا اہم ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس کامیابی پر فیکلٹی، انتظامی عملے اور داخلہ ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پوری یونیورسٹی برادری کی مشترکہ اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے، جبکہ روایتی زراعت اور لائیو اسٹاک کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر سائنسز، آئی ٹی، نیچرل و سوشل سائنسز، مینجمنٹ سائنسز، انجینئرنگ اور بائیو ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں طلبہ کی بڑی تعداد میں شمولیت یونیورسٹی کے فعال تعلیمی و تحقیقی ماحول پر اعتماد کا اظہار ہے۔

یونیورسٹی کے ترجمان اور ڈائریکٹر ڈی آئی ٹی ایس ڈاکٹر ندیم احمد ملک نے کہا کہ درخواست گزاروں کی بڑی تعداد جامعہ کی مضبوط تعلیمی ساکھ، عملی تربیت اور جدید لیبارٹری سہولیات پر اعتماد کی دلیل ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی دور اندیش قیادت اور ترقی پسند اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے۔

Share This Article