راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز (پی پی پی ڈبلیو) کے رہنماؤں نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو کراچی کے علاقے کارساز میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے استقبالی جلوس پر ہونے والے خودکش حملے جمہوری جدوجہد کی تاریخ کا ایسا المناک باب ہیں جس کی یاد آج بھی دلوں کو رنجیدہ کر دیتی ہے۔
بیان کے مطابق ان حملوں میں 175 سے زائد سیاسی کارکن شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ وہ کارکن تھے جنہوں نے اپنی قائد کی حفاظت اور جمہوری سفر کے تسلسل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں وفاداری، بہادری اور جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی کی ایسی روشن مثال ہیں جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
پی پی پی ڈبلیو کے صدر ڈاکٹر صفدر علی عباسی، سابق رکن قومی اسمبلی محترمہ ناہید خان، سینئر نائب صدور فیاض علی خان اور ایڈووکیٹ امجد بلوچ، جنرل سیکرٹری کنور زاہد، ابراہیم خان، فرح اسلم خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی ساجدہ میر، حر بخاری، ملک مظہر، نوید صادق، رانا عثمان، ہاشم خان بابر اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا نے اپنی قائد اور جمہوری جدوجہد کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پروا نہیں کی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان کارکنوں کے خون سے رقم ہونے والی تاریخ یہ سبق دیتی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کا راستہ بے شمار قربانیوں سے ہو کر گزرا ہے، اس لیے ان قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ کارساز کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں، حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کا غم اور ان کی قربانیوں کی یاد پوری قوم کے لیے احساسِ ذمہ داری ہے۔ ان قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ملک میں جمہوریت، سیاسی رواداری، امن اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے۔
پی پی پی ورکرز کے رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا صرف ایک سیاسی جماعت کا اثاثہ نہیں بلکہ جمہوری جدوجہد کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں، جنہیں ہمیشہ عزت، احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
