بنکاک: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس 2026 کے موقع پر پاکستان کی جانب سے بورورز پلیٹ فارم کی گورننگ کونسل کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔ یہ اجلاس تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منعقد ہوئے۔
وزیر خزانہ نے پلیٹ فارم کو عملی شکل دینے کے عمل میں مصر کی قیادت کو سراہا اور رکن ممالک کے ساتھ سیکریٹریٹ کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ بورورز پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد باہمی سیکھنے کے عمل اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق یہ فورم اجتماعی سودے بازی یا بحرانوں کے انتظام کا طریقہ کار نہیں بلکہ تجربات کے تبادلے اور عملی تعاون کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے 2026-27 کے ورک پلان کے تحت پاکستان کی ترجیحات بھی بیان کیں۔ ان ترجیحات میں قرض کے انتظامی طریقوں کو مضبوط بنانا، اصلاحاتی تجربات کا تبادلہ اور ترقیاتی مالیات کے لیے نئے اور جدید آلات کا جائزہ لینا شامل ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان عملی نفاذ اور قابل پیمائش نتائج کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قرض کو ترقی کے لیے ایک ذریعہ رہنا چاہیے، ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
اختتامی کلمات میں سینیٹر محمد اورنگزیب نے پلیٹ فارم کی ادارہ جاتی بنیادوں، گورننس انتظامات اور مشترکہ ورک پروگرام کے قیام میں تیز رفتار پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ممکنہ رکن ممالک کی جانب سے بڑھتی ہوئی دلچسپی کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔
