عوام کو خوشحال بنائے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، ڈاکٹر حنیف مغل

newsdesk
2 Min Read
چیئرمین پاکستان تحریک شاد باد ڈاکٹر محمد حنیف مغل ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے ہیں۔

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک شاد باد کے چیئرمین ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے کہا ہے کہ عوام کو خوشحال زندگی فراہم کیے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں۔ مہنگائی، غربت، بیروزگاری، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، دھرنوں اور مظاہروں کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں جبکہ معاشی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھی فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے کہا کہ مہنگائی کا جن قابو میں نہ آنے کی بنیادی وجہ بغیر منصوبہ بندی پالیسیوں پر عملدرآمد ہے۔ ملک کو ایسے پڑھے لکھے عوامی نمائندوں کی ضرورت ہے جو عوام کو مہنگائی سے نجات دلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی، غربت، بیروزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھی جائے گی، جبکہ پڑھی لکھی اور نئی قیادت کو سامنے لانے کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے دوران کیا، جن میں ڈاکٹر سلیم مغل، ملک رفیق اعوان، راشد بھٹی اور دیگر افراد شامل تھے۔

ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کونسلر کی سطح پر اختیارات کی حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک شاد باد جس بلدیاتی نظام کی بات کر رہی ہے، اس میں ہر یونین کونسل میں منتخب ہونے والا کونسلر ٹیکس وصول کرے گا۔ ان کے مطابق یہی نظام ٹیکس چوری روکنے کی بنیاد بنے گا اور ٹیکس وصولی کے ذریعے ترقیاتی کام بھی مقامی سطح پر کونسلر کے ذریعے ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بلدیاتی نظام سب سے زیادہ مضبوط ہوگا۔

Share This Article