راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ریلوے پریم یونین (سی بی اے) کے مرکزی صدر شیخ محمد انور اور مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو نے مرکزی نائب صدر محمد نفیس خان اور ڈویژنل آرگنائزر محمد خان امازئی کی ریٹائرمنٹ پر ان کی طویل اور گراں قدر خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
راولپنڈی میں پریم یونین کے زیر اہتمام ڈاکٹر اشتیاق عرفان کی صدارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد انور اور خیر محمد تونیو نے کہا کہ محمد نفیس خان اور محمد خان امازئی نے ریلوے مزدوروں کے لیے دن رات کام کیا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی محنت، دیانت داری اور ریلوے مزدوروں کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مقررین نے وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا کہ ریلوے ٹریک پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تقریب میں پریم یونین کے رہنماؤں، مختلف زونز کے عہدیداران اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور محمد نفیس خان اور محمد خان امازئی کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر عبدالشکور عباسی، خضر حیات، رستم بٹ، نوید بنگش، ملک زاہد، ملک طاہر، چوہدری ندیم منیر، نصر اللہ بھٹہ، چوہدری شکیل، جنید خرم، اکرام کنڈی، لاہور ڈویژن کے صدر فیاض شہزاد، پنشنرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین یونس جٹ، سینئر رہنما سید ظہور شاہ، کوآرڈینیٹر گورنر پنجاب ظہیر خان کھٹٹر، محنت کش یونین کے مرکزی صدر ملک یونس اعوان، اعجاز جدون، مزدور رہنما محمد یونس کھٹٹر، ورکر یونین کے طاہر بھٹی، مبارک حسین اور سماجی و دینی شخصیت پیر عامر بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے اپنے خطاب میں محمد نفیس خان اور محمد خان امازئی کی طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے پریم یونین کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کیا، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
محمد نفیس خان اور محمد خان امازئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر شیخ محمد انور، مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، ڈویژنل صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان اور پریم یونین کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر اشتیاق عرفان کی انتھک کاوشوں، خلوص اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا اور یونین کے ساتھ شانہ بشانہ کام کیا، جو ان کی زندگی میں ہمیشہ یاد رہے گا۔
تقریب کے دوران قائدِ پریم شیخ محمد انور اور سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو نے شہید ملک شعیب کے لیے شہید پیکج دلوانے کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے چیئرمین ریلوے، سی او ریلوے اور وفاقی وزیر ریلوے سے اپیل کی کہ شہید ملک شعیب کی فیملی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ آخر میں ملک کی سلامتی اور تمام فوت شدگان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
