عوامی خوشحالی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ڈاکٹر حنیف مغل

newsdesk
2 Min Read
چیئرمین پاکستان تحریک شاد باد ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے عوامی خوشحالی اور مضبوط بلدیاتی نظام پر زور دیا۔

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان تحریک شاد باد ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے کہا ہے کہ عوام کو خوشحال زندگی فراہم کئے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں، مہنگائی، غربت، بیروزگاری، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، دھرنوں اور مظاہروں کے خاتمے سمیت معاشی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لئے فوری اقدامات وقت کا تقاضا ہیں۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے کہا کہ مہنگائی کا جن قابو میں نہ آنے کی بنیادی وجہ بغیر منصوبہ بندی کے پالیسیوں پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو پڑھے لکھے عوامی نمائندوں کی ضرورت ہے جو عوام کو مہنگائی سے نجات دلا سکیں۔

ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر سلیم مغل، ملک رفیق اعوان، راشد بھٹی اور دیگر افراد شامل تھے۔ ڈاکٹر حنیف مغل نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی، غربت، بیروزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی وقت کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لئے وہ عملی جدوجہد کرتے رہیں گے اور پڑھی لکھی نئی قیادت کو سامنے لانے کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک شاد باد کونسلر کی سطح پر اختیارات کی حامی ہے۔ ان کے بقول پارٹی جس بلدیاتی نظام کی بات کر رہی ہے، اس میں ہر یونین کونسل میں منتخب ہونے والا کونسلر ٹیکس وصول کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہی بنیاد ہوگی جس کے ذریعے ٹیکس چوری کو روکا جائے گا اور ٹیکس وصولی کے اسی نظام کے تحت ترقیاتی کام مقامی سطح پر کونسلر کے ذریعے انجام پائیں گے۔

ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے کہا کہ ان کی جماعت کا بلدیاتی نظام سب سے زیادہ مضبوط ہوگا اور مقامی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

Share This Article