اسلام آباد میں 7 اکتوبر کو یکجہتیٔ غزہ کا بڑا جلسہ، حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے

newsdesk
4 Min Read
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے 7 اکتوبر کے یکجہتیٔ غزہ جلسے کا اعلان کیا۔

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت میں غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔

دفتر جماعت اسلامی اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ 7 اکتوبر غزہ کے عوام کی مزاحمت، ثابت قدمی اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں ظلم و جارحیت کی انتہا کردی، مگر فلسطینی عوام کے حوصلے اور عزم کو شکست نہیں دے سکا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر کا پہلا ہفتہ امت مسلمہ کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے اور جماعت اسلامی اس موقع پر غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔

پریس کانفرنس میں صدر سیاسی امور ہما ایوب، نائب قیم تصور کاظمی اور سیکرٹری اطلاعات رب نواز ملک بھی موجود تھے۔

نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے باعث 74 ہزار سے زائد افراد شہید اور پونے دو لاکھ زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ شہدا اور زخمیوں میں تقریباً 70 فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ کا 80 فیصد علاقہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور 94 فیصد عمارتیں رہائش کے قابل نہیں رہیں۔ تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کو بھی بڑے پیمانے پر نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں 1500 سے زائد افراد شہید اور 20 ہزار زخمی ہوئے۔ عالمی برادری اور مسلم دنیا کو فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنا ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے غزہ کے عوام کے لیے 11 ارب روپے کی امداد فراہم کی، جس میں اسلام آباد کے شہریوں کی جانب سے ایک ارب روپے جمع کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے ساتھ اسپتال اور تعلیمی ادارے بھی چلا رہی ہے، جبکہ 500 سے زائد فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 7 اکتوبر کے حوالے سے ملک بھر میں ہفتۂ یکجہتیٔ غزہ منایا جائے گا۔ اسلام آباد میں 7 اکتوبر کو ہونے والا جلسہ غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہوگا، جس کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اسلام آباد کی تاریخ کا ایک بڑا جلسہ ہوگا، اس لیے شہری بھرپور شرکت کریں۔

پیٹرولیم لیوی سے متعلق سوال پر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک جاری ہے۔ اس معاملے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کے کئی دور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے پیٹرولیم لیوی کا مسئلہ حل ہوگا اور عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Share This Article