پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا موٹروے چوک پر دھرنا

newsdesk
4 Min Read
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام موٹروے چوک اسلام آباد پر مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

اسلام آباد (پ ر) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف موٹروے چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور پیدل شریک ہوئی۔

دھرنے کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کی۔ احتجاج کے دوران مقررین نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج ملک بھر میں 510 مقامات پر مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے پیٹرولیم مصنوعات کی اصل قیمت وصول کی جائے، لیوی کی مد میں بھاری رقم لینا ناانصافی ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی ختم کرے اور پیٹرول 225 روپے فی لیٹر مقرر کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کو جواز بنا کر عوام پر معاشی بوجھ ڈال رہے ہیں، مگر اپنے اخراجات اور عیاشیوں میں کمی کے لیے تیار نہیں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

میاں محمد اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے ٹیکسوں نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے اثرات ہر طبقے تک پہنچے ہیں اور اسی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے جائز حقوق کے لیے ہر جمہوری اور آئینی فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی اور ریلیف ملنے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ عوام ظلم پر مبنی معاشی نظام کے خلاف کھڑے ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے ضروری اشیا کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، جبکہ ہر لیٹر پیٹرول پر تقریباً 150 روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں، جو غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

انجینئر نصراللہ رندھاوا نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی ختم کرے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی پرامن جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی اور ظالمانہ معاشی پالیسیاں زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتیں۔

احتجاجی دھرنے کے اختتام پر مقررین نے اعلان کیا کہ عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے اور پیٹرولیم لیوی ختم ہونے تک جماعت اسلامی کی پرامن عوامی تحریک جاری رہے گی۔

Share This Article