آسان ٹیکس سکیم: ملک بھر کی دکانوں اور بازاروں کی میپنگ جمعہ سے شروع کرنے کا فیصلہ

newsdesk
3 Min Read
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت آسان ٹیکس سکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیم پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف بی آر کے افسران تاجر نمائندوں کے ساتھ مل کر جمعہ سے ملک بھر میں بازاروں اور دکانوں کی میپنگ کا آغاز کریں گے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ تاجر نمائندوں کے ہمراہ بازاروں اور ایک ایک دکان کی میپنگ کی جائے اور اس عمل کے دوران دکانداروں کو آسان ٹیکس سکیم سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یومیہ شیڈول کے مطابق ایف بی آر افسران تاجر نمائندوں کے ساتھ مل کر بازاروں کے دورے کریں تاکہ عمل درآمد کے مرحلے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تاجروں کی نشاندہی اور شکایت پر ٹیکس ریٹرن میں ’’دیگر آمدن‘‘ کے کالم سے متعلق تکنیکی مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔

وزیر مملکت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں کو ان کی مرضی کی سکیم دی گئی ہے، اس لیے ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے کا اب کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کی مرضی اور مشاورت سے جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں دی گئی 15 روزہ توسیع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد ریٹرن جمع نہ کرانے والے دکاندار کو پہلے مہینے میں 10 ہزار روپے، دوسرے مہینے میں 25 ہزار روپے اور تیسرے مہینے میں 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آسان ٹیکس سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اجلاس میں تاجر رہنماؤں اجمل بلوچ، کاشف چوہدری اور حبیب فخرالدین نے شرکت کی۔ ممبر اسٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر اِن لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Share This Article