پاکستانی پارلیمانی وفد کی منیلا میں فلپائنی سینیٹ کے صدر سے ملاقات

newsdesk
2 Min Read
پاکستانی پارلیمانی وفد نے منیلا میں فلپائن کی سینیٹ کے صدر سے ملاقات کی۔

منیلا: پاکستان کے پارلیمانی وفد کے سربراہ سینیٹر عبدالقادر نے اپنے سرکاری دورۂ منیلا کے دوران فلپائن کی سینیٹ کے صدر شیرون گیچالیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹر سید وقار مہدی، فلپائن میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر عاصمہ ربانی اور فلپائنی سینیٹ کے ارکانِ پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔

سینیٹر عبدالقادر نے چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے خیرسگالی کے پیغامات اور نیک تمنائیں پہنچائیں اور فلپائنی سینیٹ کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے فلپائن میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا اور فلپائنی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان پارلیمانی فرینڈشپ گروپس پاکستان کی سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں میں پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے فلپائنی سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان پر زور دیا کہ وہ بھی اس نوعیت کے اقدامات کریں تاکہ دوستانہ تعلقات کو باضابطہ اور ادارہ جاتی شکل دی جا سکے اور باقاعدہ پارلیمانی روابط کے لیے مستقل فریم ورک میسر آئے۔

دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور اعلیٰ سطحی دوروں میں اضافہ باہمی مفاہمت کو گہرا کرنے اور دونوں مقننہ اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے۔ فریقین نے منظم مکالمے کے ذریعے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جبکہ تجارتی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

اس سے قبل پاکستانی وفد کا فلپائن کی سینیٹ کے اجلاس کے دوران گرمجوشی سے خیرمقدم کیا گیا، جسے پاکستان اور فلپائن کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی اور پائیدار شراکت داری کا مظہر قرار دیا گیا۔

Share This Article