اسلام آباد: پاکستان انفارمیشن کمیشن نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 19-اے کے تحت شہریوں کو معلومات تک رسائی کے آئینی حق پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
معلومات تک عالمی رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف انفارمیشن کمشنر نے پاکستان کے شہریوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ کمیشن پارلیمنٹ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 19-اے کے مطابق کی گئی قانون سازی پر پوری طرح عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان کا نافذ کردہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 اس کے دیباچے اور دفعات میں درج اصولوں کے مطابق نافذ کیا جا رہا ہے۔
چیف انفارمیشن کمشنر کے مطابق اس قانون پر عملدرآمد کا مقصد شہریوں کو معلومات تک رسائی کے حق کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔
کمیشن نے اس قانونی فریم ورک کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا جس کا مقصد شہریوں کے معلومات تک رسائی کے آئینی حق کو مؤثر بنانا ہے۔
