اسلام آباد، 28 ستمبر 2026: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں ہواوے کے گلوبل سروس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں مرکز کے آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور عالمی آئی سی ٹی آپریشنز میں معاونت کرنے والے نوجوان پاکستانی انجینئرز اور ٹیکنالوجی پروفیشنلز سے ملاقات بھی کی۔
دورے کے موقع پر ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن، ہواوے پاکستان کے اے آئی اینڈ کلاؤڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد بلال مسعود اور گلوبل سروس سینٹر کی سینئر انتظامیہ نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہواوے گلوبل سروس سینٹر پاکستان کی اس بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کے عالمی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے اس ماڈل کو ’’شپنگ کنٹینرز کے بغیر برآمدات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ماہرین ملک کے اندر رہتے ہوئے بین الاقوامی منڈیوں کو اعلیٰ قدر کی ڈیجیٹل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی نوجوان آبادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تقریباً 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ ان کے مطابق اس آبادیاتی قوت کو ہنرمند افرادی قوت اور عالمی معاشی مواقع میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران طے پانے والی ہواوے پاکستان تربیتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے 3 لاکھ نوجوان پاکستانیوں کو آئی سی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے ہواوے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ضروری ہے تاکہ ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے پائیدار ٹیلنٹ پائپ لائن تیار کی جا سکے اور نوجوان پاکستانیوں کو بین الاقوامی مواقع سے منسلک کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے ہواوے کی آئی سی ٹی اکیڈمیز کے ذریعے تکنیکی استعداد کار بڑھانے کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کمپنی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری، نالج ٹرانسفر اور مینٹورشپ کو مزید وسعت دے اور ملک میں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر کے قیام کے امکانات کا بھی جائزہ لے۔
سینٹر میں خواتین انجینئرز سے گفتگو کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے مقامی تکنیکی مہارت کو مضبوط بنا کر اور پاکستانی پروفیشنلز کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کر کے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
اسلام آباد میں قائم ہواوے گلوبل سروس سینٹر عالمی ٹیکنالوجی آپریشنز کے مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔ یہ مرکز بین الاقوامی صارفین کو ریموٹ تکنیکی معاونت، نیٹ ورک آپریشنز، سروس ایشورنس اور دیگر جدید آئی سی ٹی خدمات فراہم کرتا ہے۔ سینٹر پاکستانی انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو پاکستان کے اندر رہتے ہوئے عالمی ٹیکنالوجی آپریشنز میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
