پاشا میں قیادت کی تبدیلی، سینئر وائس چیئرمین قائم مقام چیئرمین مقرر

newsdesk
2 Min Read
پاشا کے مطابق نئے چیئرمین کے انتخاب تک سینئر وائس چیئرمین قائم مقام چیئرمین کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (P@SHA) کے سیکرٹری جنرل نے ایسوسی ایشن کی قیادت سے متعلق حالیہ پیش رفت کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) کے حالیہ اجلاس کے بعد 12 میں سے 8 ارکان نے سابق چیئرمین مسٹر سجاد مصطفیٰ سید کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں باضابطہ ووٹ دیا۔

CEC اجلاس کے منٹس کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے حق میں 8 ارکان نے ووٹ دیا، 3 ارکان نے مخالفت کی جبکہ ایک رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اس طرح تحریک عدم اعتماد کے حق میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوئی۔

پاشا نے اپنے سابق چیئرمین کے لیے مستقبل کی سرگرمیوں میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر سجاد مصطفیٰ سید اپنی مدت کے باقی حصے کے لیے CEC رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق آئندہ مرحلے میں CEC تمام جاری اقدامات میں تسلسل، استحکام اور روزمرہ و اسٹریٹجک امور کی ہموار انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

قواعد کے تحت پاشا کے سینئر وائس چیئرمین کو ازخود قائم مقام چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس وقت تک یہ ذمہ داری ادا کریں گے جب تک آئندہ دنوں میں CEC نئے چیئرمین کا انتخاب نہیں کر لیتی۔

مزید وضاحت کی گئی ہے کہ آئندہ انتخابات اور 22ویں پاشا ICT ایوارڈز اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے، جن میں کوئی تاخیر یا تعطل نہیں ہوگا۔ پاشا کے مطابق ایسوسی ایشن ایک مضبوط اور مستحکم تجارتی ادارہ ہے اور آئی ٹی انڈسٹری کے وسیع تر مفاد میں معمول کے مطابق کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاشا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس کے انتخابات بروقت، آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کیے جائیں گے۔

Share This Article