راولپنڈی کچہری میں چوہدری زمرد حسین بلاک کا افتتاح

newsdesk
2 Min Read
راولپنڈی کچہری میں نو تعمیر شدہ چوہدری زمرد حسین بلاک کے افتتاح کی تقریب۔

راولپنڈی — وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے آج راولپنڈی کچہری میں نو تعمیر شدہ چوہدری زمرد حسین بلاک کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ نوجوان وکلا کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ قانونی پیشے کے بدلتے ہوئے تقاضوں کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ آئی ٹی سینٹرز اور دیگر جدید سہولیات کے ذریعے نوجوان وکلا ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، بالخصوص مصنوعی ذہانت، سے استفادہ کر سکیں گے اور اپنی قانونی خدمات کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال سکیں گے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ وکلا زیادہ مؤثر اور بہتر انداز میں قانونی خدمات فراہم کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد قانونی برادری کو بدلتی ہوئی پیشہ ورانہ ضروریات سے ہم آہنگ کرنا اور قانونی شعبے میں ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا کہ جدید بار مینجمنٹ سسٹم کے متعارف ہونے سے بار کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور وکلا کے لیے خدمات کی فراہمی مزید مؤثر ہو گی۔

انہوں نے چوہدری زمرد حسین بلاک کو کچہری کے انفراسٹرکچر میں ایک اہم اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے وکلا اور سائلین دونوں کے لیے بہتر ورکنگ ماحول میسر آئے گا۔

تقریب میں صدر راولپنڈی بار ایسوسی ایشن طارق محمود ساجد اعوان، نائب صدر شازیہ ہاشمی، جنرل سیکرٹری قمر الحق نیازی، جوائنٹ سیکرٹری احسن مانجھ، سابق صدر راجہ ناصر، شاہد سواتی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ملک اسرار، ڈاکٹر ارشد ایڈووکیٹ، طیب پکھرال ایڈووکیٹ، راجہ شفیق ایڈووکیٹ، ندیم اختر بھٹی ایڈووکیٹ اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Share This Article