اسلام آباد، 21 ستمبر 2026ء — سابق سینیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور سابق وزیرِ اعظم بینظیر بھٹو کی سیاسی معاون ناہید خان نے کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش حملے اور فائرنگ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ڈاکٹر صفدر علی عباسی اور ناہید خان نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورکس کے خلاف فوری، ٹھوس اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی مالی و عملی معاونت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
