کراچی، 20 ستمبر 2026: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مشق سی اسپارک 2026 کے انعقاد کا جائزہ لینے کے لیے سمندر میں مختلف یونٹس اور کریکس ایریا کے دورے کیے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پاکستان نیوی کے مطابق سی اسپارک 2026، جو یکم ستمبر سے جاری ہے، پاک بحریہ کی ایک بڑی بحری مشق ہے۔ یہ مشق ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے جس کا مقصد بحری آپریشنز کے مکمل دائرہ کار کی مشق کرنا ہے۔ اس کے ذریعے آپریشنل تیاریوں کے اظہار اور امن کے زمانے کی تعیناتیوں سے جنگی آپریشنز کی جانب تیزی سے منتقلی کی صلاحیت کو جانچنے کا موقع ملتا ہے۔
بیان کے مطابق جنگ کے بدلتے ہوئے خدوخال کے پیش نظر اس سال مشق سی اسپارک 2026 کو آپریشنز اِن انفارمیشن انوائرمنٹ (OIEs) کے وسیع فریم ورک کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ملٹی ڈومین آپریشنز کا عملی اظہار اور بغیر پائلٹ نظاموں کا وسیع استعمال اس سال کی مشق کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
دوروں کے دوران نیول چیف نے مشق میں شریک اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور سمندر میں ناقابل تسخیر رہنے کے غیر متزلزل عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
