یوم دفاع عہدِ تجدید ہے، قوم افواج پاکستان پر نازاں ہے: عامر صدیقی

newsdesk
4 Min Read
سماجی رہنما محمد عامر صدیقی نے یوم دفاع و شہداء پر افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

راولپنڈی: سماجی رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری آزادی اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی اصل قدر محکوم قوموں سے پوچھی جائے، جبکہ دفاعِ وطن غیور قوموں کی پہچان ہے۔

یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے اپنے خطاب میں محمد عامر صدیقی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 عظیم قربانیوں کی ایسی داستان ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، مگر پاکستان کی بہادر اور جانباز افواج نے ملک کے چپے چپے کے دفاع کا فریضہ احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

عامر صدیقی نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے وطنِ عزیز کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ قوم اپنے غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے 6 ستمبر کو دشمنوں کے ناپاک منصوبوں کو تہس نہس کر کے انہیں شکست سے دوچار کیا۔ آج پاکستان 1965 کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔ اللہ رب العزت نے وطنِ عزیز کو ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی سمیت بھرپور صلاحیتوں سے نوازا ہے۔

محمد عامر صدیقی کا کہنا تھا کہ قوم اور افواج پاکستان نے مل کر سوات، وزیرستان، ضربِ عضب، ردالفساد، فتنہ الہندوستان اور دیگر محاذوں پر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی کمر توڑی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جاری بدامنی کے خلاف متحد ہو کر ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کو شکست دینا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہادر افواج نے ہر مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا، چاہے سیلاب ہوں یا دیگر آفات، افواج پاکستان نے عوام کی تکالیف اور مشکلات کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ آج ہماری افواج پہلے سے زیادہ تربیت یافتہ اور چوکس ہیں۔

عامر صدیقی نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران غیور افواج پاکستان نے بہترین جواب دے کر بھارتی غرور خاک میں ملا دیا اور دشمن کو دندان شکن شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے لیے قربانیاں دینے والے قومی ہیرو ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ملک کی حفاظت فرمائے، یہاں بسنے والوں کے دکھ اور تکالیف دور کرے، پاکستان کو معاشی استحکام عطا کرے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں باہمی بھائی چارے، اخوت اور رواداری کو فروغ دیتے ہوئے متحد رہنا ہوگا اور سب سے پہلے پاکستان کا علم تھامے رکھنا ہوگا۔

Share This Article