اسلام آباد: ڈائریکٹر، رائٹر اور ڈولفن کمیونیکیشن کی چیف ایگزیکٹو اسماء بٹ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جو قوم کو اُن شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں اسماء بٹ نے کہا کہ یہ دن اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی یکجہتی کے لیے قوم متحد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور نوجوان نسل کو حب الوطنی، اتحاد اور ذمہ داری کے جذبے کو برقرار رکھنے کا پیغام دیتی ہیں۔
اسماء بٹ نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاع صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ ملک کی ترقی، امن اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا بھی قومی ذمہ داری ہے۔
