اسلام آباد کے تاجروں نے پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کی حمایت کر دی

newsdesk
2 Min Read
پاکستان بزنس فورم کے عشائیے میں اسلام آباد کی تاجر قیادت نے جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک کی حمایت کا اعلان کیا۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مختلف تاجر تنظیموں کی قیادت نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی اور آئی پی پیز کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ تاجر رہنماؤں نے اس تحریک کو قومی اور عوامی جدوجہد قرار دیتے ہوئے 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت بھی کی۔

پاکستان بزنس فورم کے زیر اہتمام تاجر برادری کے اعزاز میں عشائیہ منعقد کیا گیا، جس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب سے پاکستان بزنس فورم، پاکستان تاجر اتحاد، آل پاکستان تاجر یونین، پاکستان سمال انڈسٹریز، پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن اور فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن سے وابستہ رہنماؤں نے خطاب کیا۔ خطاب کرنے والوں میں کاشف چوہدری، طاہر چوہدری، طاہر ایوب، اویس ستی اور زاہد قریشی سمیت مختلف تاجر رہنما شامل تھے۔

عشائیے میں جی-13، جی-9، جی-11، ایف-7، جی-8، ترنول، بہارہ کہو، لہتراڑ روڈ، پی ڈبلیو ڈی اور آبپارہ سمیت اسلام آباد کے متعدد تجارتی مراکز کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تاجر رہنماؤں نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبے کی بھرپور تائید کی۔ انہوں نے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور آئی پی پیز کے خلاف جاری تحریک عوامی مفاد کی تحریک ہے۔

اس موقع پر تاجر برادری نے 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا اور کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل، معاشی بحران کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Share This Article