عید میلاد النبی ﷺ: چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا سیرتِ طیبہ پر عمل کا پیغام

newsdesk
2 Min Read
پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے عید میلاد النبی ﷺ پر سیرتِ طیبہ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔

راولپنڈی (پریس ریلیز) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر اہلِ وطن، اساتذۂ کرام اور طلبہ و طالبات کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت کا پیغام ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لیے بہترین اور کامل نمونہ ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ نے محبت، اخوت، عدل و انصاف، رواداری، دیانت داری اور انسانیت سے حسنِ سلوک کا عملی درس دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو صرف عقیدت کے اظہار تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں روزمرہ عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کی کردار سازی کے لیے سیرتِ رسول اکرم ﷺ سے رہنمائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق، نظم و ضبط، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری سے آراستہ کرنا ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر اخلاص کے ساتھ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور وطنِ عزیز پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام نصیب فرمائے۔

Share This Article