لاہور (کلچرل رپورٹر) — میوزک اور انٹرٹینمنٹ کے شائقین کے لیے کراچی میں 19 ستمبر کو ایک بڑے میوزیکل شو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ او پی پروڈکشنز کے زیر اہتمام ہونے والے اس ایونٹ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ یورپین ڈی جے ایکس ویل لائیو پرفارمنس پیش کریں گے۔
یہ شو کراچی کی معین خان اکیڈمی میں منعقد ہوگا، جسے او پی پروڈکشنز کے سی ای او عمیر ایچ پراچہ کی تخلیقی نگرانی میں جدید اور منفرد انداز میں پیش کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق تقریب کے لیے سینیمیٹک تھیم تیار کی گئی ہے، جس میں طلوعِ آفتاب کے خوبصورت تصور کو جدید لائٹنگ اور میوزک کے ساتھ یکجا کیا جائے گا تاکہ حاضرین کے لیے ایک یادگار ماحول پیدا ہو سکے۔
او پی پروڈکشنز کا کہنا ہے کہ میوزک اور لائٹنگ پر مبنی اس شو کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد معیاری تفریح کے ذریعے پاکستان کے مثبت اور خوبصورت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
پروگرام کا آغاز معروف مقامی فنکار بلال بروہی، ہیزی اور شاٹ باکس کی پرفارمنسز سے ہوگا، جس کے بعد بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈی جے ایکس ویل اسٹیج سنبھالیں گے۔
عمیر ایچ پراچہ کے مطابق یہ میوزیکل شو پاکستانی شائقین کے لیے جدید میوزک، لائٹنگ اور انٹرٹینمنٹ کا ایک منفرد تجربہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں محفوظ اور عالمی معیار کی تفریح کی مثال قائم کرے گا اور ملک میں بین الاقوامی فنکاروں اور گلوکاروں کی باقاعدہ پرفارمنسز کے لیے راہ ہموار کرنے میں مدد دے گا۔
