فاریسٹ گارڈ لقمان قتل کیس میں تمام ملزمان بری، استغاثہ الزام ثابت نہ کر سکا

newsdesk
3 Min Read
راولپنڈی سیشن عدالت نے فاریسٹ گارڈ لقمان قتل کیس میں تمام ملزمان کی بریت کا فیصلہ سنایا۔

راولپنڈی کی سیشن عدالت نے تحصیل کوٹلی ستیاں کے معروف فاریسٹ گارڈ لقمان قتل کیس میں تمام ملزمان کو بری کر دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد شواہد، گواہوں کے بیانات اور فریقین کے دلائل کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ سنایا۔

ایف آئی آر نمبر 101/22 میں نامزد ملزمان تہمینہ، حسیب، سامعہ اور اشتیاق حسین کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302، 365، 109 اور 34 کے تحت الزامات عائد تھے۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف اپنا مقدمہ شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہا، اس لیے تمام ملزمان کی بریت کا حکم دیا جاتا ہے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران ملزمہ سامعہ اور ملزم اشتیاق حسین کی جانب سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ابصار الحق ستی نے پیروی کی۔ انہوں نے استغاثہ کے پیش کردہ شواہد کو چیلنج کیا، گواہوں کے بیانات میں تضادات کی نشاندہی کی اور مؤقف اختیار کیا کہ الزامات قابل اعتماد اور قانونی طور پر قابل قبول شواہد سے ثابت نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ استغاثہ ان کے موکلان کا مبینہ جرائم سے کوئی براہ راست تعلق ثابت نہیں کر سکا۔

قانونی حلقوں کے مطابق ابصار الحق ستی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی دفاعی حکمت عملی نے استغاثہ کے مقدمے کی کمزوریوں کو نمایاں کیا اور اس اصول کو تقویت دی کہ فوجداری مقدمات میں سزا اسی وقت دی جا سکتی ہے جب ثبوت شک و شبہ سے بالاتر معیار پر پورا اتریں۔ عدالت نے بھی قرار دیا کہ استغاثہ یہ قانونی بوجھ پورا کرنے میں ناکام رہا۔

دیگر ملزمان تہمینہ اور حسیب کی نمائندگی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ملک عمران فیروز نے کی، جنہوں نے اپنے موکلان کے حق میں تفصیلی قانونی دلائل دیے۔ سماعت کے دوران مدعی نے عدالت کے روبرو بیان ریکارڈ کرایا کہ وہ تہمینہ کے خلاف مقدمہ آگے نہیں چلانا چاہتا، کیونکہ تہمینہ مقتول کی اکلوتی بیٹی کی دیکھ بھال اور پرورش کی ذمہ دار ہے۔

فیصلے کے اعلان کے ساتھ ہی 2022 سے زیر سماعت یہ مقدمہ ٹرائل کورٹ کی سطح پر اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ یہ فیصلہ دفاعی ٹیم، خصوصاً ابصار الحق ستی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، کے لیے ایک اہم قانونی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کوٹلی ستیاں کے نمایاں فوجداری مقدمات میں شامل اس کیس کا عدالتی مرحلہ مکمل ہو گیا۔

Share This Article