اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ماہانہ ریجنل کانفرنس انسپکٹر جنرل سلطان احمد چوہدری کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کے تمام ریجنز اور زونز کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرلز، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز اور سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں تمام زونز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانے، قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے، جبکہ دیگر اہم آپریشنل امور سے متعلق اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے ہدایت دی کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ مؤثر حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کے ذریعے ٹریفک قوانین کے نفاذ کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ افسران مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستہ رویہ اختیار کریں اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں، کیونکہ عوام کی خدمت اور معاونت موٹروے پولیس کی نمایاں پہچان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسافروں کے ساتھ کسی بھی قسم کا نامناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر انسپکٹر جنرل سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، محفوظ سفری ماحول کی فراہمی اور عوامی خدمت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جاتے رہیں گے۔
