اسلام آباد: برصغیر کے نامور روحانی بزرگ حضرت شاہ عبدالطیف المعروف بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے دربار حضرت بری امام سرکارؒ پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور عرس کی تقریبات کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن، خادم دربار بری امام سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم، ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ، راجہ امتیاز جنجوعہ، ڈاکٹر راجہ آصف جنجوعہ، ملک افتخار احمد، شفیق الدین، قاری عبید الرحمن ستی، عمر فاروق قدوسی، سید بشیر شاہ، راجہ شہزاد جنجوعہ، ڈاکٹر حیدر جنجوعہ، عبداللہ جنجوعہ، راجہ محمد ایاز، احسان الحق میاں، کرنل انعام ربانی اور جنرل ریٹائرڈ عبدالجنجوعہ ستارہ امتیاز سمیت وفاقی و ضلعی انتظامیہ کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، مذہبی رہنما اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
عرس کی تقریبات 15 اگست سے 17 اگست 2026ء تک تین روز جاری رہیں گی۔ ان تقریبات میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین اور عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔ عرس کے دوران دربار شریف اور ملحقہ علاقوں میں روحانی و مذہبی اجتماعات، محافل نعت و ذکر، قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دیگر مذہبی پروگرام منعقد ہوں گے۔
انتظامیہ کے مطابق زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ دربار اور اطراف کے علاقوں میں داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، ٹریفک کی روانی، پارکنگ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
حضرت بری امام سرکارؒ کا شمار برصغیر کے معروف صوفیاء اور روحانی بزرگوں میں ہوتا ہے۔ ان کا مزار اسلام آباد کے علاقے نورپور شاہاں میں واقع ہے جہاں ہر سال ملک کے مختلف حصوں سے عقیدت مند سالانہ عرس میں شرکت کے لیے پہنچتے ہیں۔ زائرین مزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کرتے ہیں اور روحانی سکون و برکت کے حصول کے لیے دعائیں مانگتے ہیں۔
عرس کے ایام میں دربار شریف میں عقیدت و احترام کی فضا برقرار رہے گی۔ متعلقہ ادارے زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے فرائض انجام دیں گے۔ انتظامیہ نے شہریوں اور زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس کے دوران انتظامیہ اور سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ تقریبات پرامن اور منظم انداز میں جاری رہ سکیں۔
