راولپنڈی (اسلام آباد میل) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور یہ ہمارے لیے ایک بڑی قومی ذمہ داری بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق تعلیم یافتہ اور باکردار نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ علم، کردار، محنت اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنا کر نوجوان ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچا سکتے ہیں۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے تعلیمی اداروں کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ حب الوطنی، قومی ذمہ داری اور مثبت کردار کا شعور دینا بھی ضروری ہے۔
جشنِ آزادی کے سلسلے میں پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے بورڈ کمپلیکس میں قومی پرچم لہرایا اور بعد ازاں یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تقریب میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
