راولپنڈی: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام بینک روڈ پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُروقار واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران، ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
یکجہتی واک کی قیادت ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ ضیاء حسین اور سیکرٹری راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عمران حبیب نے کی، جبکہ دیگر افسران اور عملے کے ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور ان سے یکجہتی کے پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
واک سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر ضیاء حسین نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار، ان کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق عالمی سطح پر آگاہی اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ادارے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
ضیاء حسین نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز اٹھانے کے عزم کو دہرایا۔
بعد ازاں ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے دیگر افسران نے ڈی چوک اسلام آباد میں یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے منعقدہ مرکزی تقریب اور یکجہتی واک میں بھی شرکت کی، جہاں پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مسلسل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
