راولپنڈی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے 132ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ دنیا میں بعض شخصیات چاند کی طرح روشن ہوتی ہیں اور ایک زمانہ ان کی روشنی سے فیض حاصل کرتا ہے، محترمہ فاطمہ جناح بھی ایسی ہی عظیم شخصیات میں شامل ہیں۔
محمد عامر صدیقی نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کی قیامِ پاکستان کے ساتھ ساتھ استحکامِ پاکستان کے لیے جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے اور قوم کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت کے بعد مادرِ ملت کی شخصیت میں بابائے قوم کا عکس نمایاں دکھائی دیتا تھا۔ تشکیلِ پاکستان کے بعد بھی انہوں نے بانیٔ پاکستان کی ہر قدم پر معاونت کی اور قائداعظم کے حوصلے بلند رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے آزادی کی جدوجہد سے لے کر آمریت کے مقابلے تک بانیٔ پاکستان کی فکر کو اجاگر رکھا۔ وہ قیامِ پاکستان کی تحریک میں قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ رہیں اور برصغیر کی مسلم خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے قیامِ پاکستان کی منزل کو آسان بنایا۔ مادرِ ملت نے خواتین کی سماجی و سیاسی آزادی کے لیے بھی بھرپور جدوجہد کی۔
عامر صدیقی کے مطابق محترمہ فاطمہ جناح نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں جس مقامِ عظمت سے نوازا، بحیثیت قوم وہ ہم سب کے لیے سرمایۂ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانیٔ پاکستان نے متعدد مواقع پر انتہائی شاندار الفاظ میں پاکستان کے لیے محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت نے قوم کو جمہوریت کا درس دیا اور پیرانہ سالی کے باوجود ایوبی آمریت کا نہایت پامردی سے مقابلہ کیا، اسی وجہ سے وہ شمعِ جمہوریت کہلائیں۔ ان کی جدوجہد نے آمریت اور آمرانہ نظام کی جڑیں ہلا کر رکھ دیں اور ان کی جمہوری خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
محمد عامر صدیقی نے کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ملک میں جمہوری نظام کو پنپنے دیا جائے، کیونکہ معاشی استحکام کے لیے جمہوری استحکام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے حکمرانوں پر زور دیا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ جمہوری عمل کو تقویت مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد مادرِ ملت کی حیات، خدمات اور ان کے فرمودات پر عمل کرنے کے عزم کی تجدید ہے۔ قوم ان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ فاطمہ جناح کے درجات بلند فرمائے اور حکمرانوں کو عوامی مشکلات کے حل اور درپیش چیلنجز کے خاتمے کی توفیق دے۔
عامر صدیقی نے مزید کہا کہ اللہ کریم حکمرانوں کو پیٹرولیم مصنوعات، مہنگی بجلی اور 200 یونٹ کے استعمال کے بعد بھاری بلوں کے خاتمے کی توفیق دے تاکہ عام آدمی کی سانس بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قومی منصوبوں پر کام کیا جانا چاہیے جن سے قلتِ آب اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے قوم کا مستقبل محفوظ بنے اور ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو۔
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا: سب سے پہلے پاکستان، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔
