اسلام آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے اقلیتی ونگ کی تنظیم نو اور ملک گیر سطح پر تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت سینئر سیاسی ایڈوائزر برائے اقلیتی امور ارشد گل اور سیکرٹری جنرل اقلیتی امور و ایگزیکٹو ممبر سنٹرل ورکنگ کمیٹی (SWC) عرفان سلامت کھوکھر نے کی۔
اجلاس میں پاکستان بھر میں پارٹی کی تنظیمی توسیع، اقلیتی ونگ کی مضبوطی اور آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ مختلف صوبوں اور اضلاع میں تنظیم سازی، اقلیتی برادری کی مؤثر نمائندگی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کا پیغام ملک کے ہر حصے تک پہنچانے کے لیے جامع لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اقلیتی ونگ کو مزید منظم، فعال اور مضبوط بنایا جائے گا تاکہ اقلیتی برادری کے مسائل بہتر انداز میں اجاگر کیے جا سکیں اور انہیں پارٹی پلیٹ فارم پر بھرپور نمائندگی دی جا سکے۔ اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نئے عہدیداران کی تقرری، ضلعی اور تحصیل سطح پر تنظیموں کی تشکیل، نوجوانوں اور خواتین کی شمولیت میں اضافے اور مختلف مذہبی و سماجی طبقات سے روابط بڑھانے سے متعلق تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔
اس موقع پر ارشد گل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) بین المذاہب ہم آہنگی، قومی اتحاد اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پارٹی انہیں قومی دھارے میں مزید مؤثر کردار کے مواقع فراہم کرے گی۔
عرفان سلامت کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق اقلیتی ونگ کو جدید خطوط پر منظم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے، کارکنوں سے رابطے مضبوط کرنے اور عوامی سطح پر پارٹی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کے لیے جلد مختلف صوبوں اور اضلاع کے دورے کیے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے پرچم تلے ملک گیر تنظیمی استحکام، اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود، قومی یکجہتی اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ پارٹی کو ملک بھر میں ایک مضبوط اور متحرک سیاسی قوت کے طور پر مزید مستحکم کیا جا سکے۔
