اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور انہیں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا سکیں۔
انہوں نے اس سال کے موضوع نوجوانوں کی امیدوں اور آرزوؤں کو آج اور مستقبل کے لیے حقیقت بنانا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے نوجوان نسل کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی ایک قیمتی قومی اثاثہ ہے۔ ان کے مطابق معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں، ہنرمندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع کے ذریعے نوجوان معاشی ترقی اور سماجی پیش رفت کی مضبوط قوت بن سکتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ تعلیم، صحت، روزگار، آبی وسائل اور دیگر عوامی خدمات پر مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے مؤثر آبادی مینجمنٹ، خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی، ماں اور بچے کی صحت کی بہتر سہولتوں اور انسانی سرمائے میں مستقل سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمنٹ آبادی میں توازن، نوجوانوں کی بااختیاری، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پالیسیوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ پاکستان کی نئی نسلوں کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
