اسلام آباد میں جماعت چہارم کے لیے ڈیجیٹل لائف اسکلز پائلٹ پروگرام شروع

newsdesk
2 Min Read
اسلام آباد کالج فار بوائز، جی سکس تھری میں جماعت چہارم کے لیے ڈیجیٹل لائف اسکلز پائلٹ منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔

اسلام آباد، 29 جولائی: وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے نیشنل کریکولم کونسل ونگ نے یو این ایف پی اے پاکستان اور ایکٹ انٹرنیشنل کے تعاون سے جماعت چہارم کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل لائف اسکلز بیسڈ ایجوکیشن لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے پائلٹ منصوبے کا آغاز کر دیا۔

افتتاحی تقریب اسلام آباد کالج فار بوائز، جی سکس تھری میں منعقد ہوئی، جہاں سیکرٹری وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب نے بطور مہمانِ خصوصی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کا تقاضا ہے کہ بچوں کو صرف نصابی معلومات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں تنقیدی سوچ، مؤثر ابلاغ، مسائل کے حل اور درست فیصلے کرنے جیسی عملی صلاحیتوں سے بھی آراستہ کیا جائے۔

تین ماہ کے اس پائلٹ منصوبے کو ابتدائی طور پر اسلام آباد کے 20 سرکاری و نجی اسکولوں میں نافذ کیا جائے گا۔ ان اسکولوں میں وفاقی نظامِ تعلیم کے 8 جبکہ پی ای آئی آر اے اور جے آئی سی اے کے 12 اسکول شامل ہیں۔ پائلٹ کے دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے استعمال، افادیت اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

یو این ایف پی اے پاکستان کی نائب ملکی سربراہ ڈاکٹر گلنارا قادرکولووا نے کہا کہ ڈیجیٹل لائف اسکلز ایجوکیشن بچوں کو صحت مند، ذمہ دار اور بااختیار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

حکام کے مطابق پائلٹ کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پروگرام کو مرحلہ وار دیگر جماعتوں، مزید اسکولوں اور ملک کے مختلف حصوں تک توسیع دی جائے گی۔

Share This Article