نیشنل پریس کلب کا بیروزگار صحافیوں کے لیے اینڈومنٹ فنڈ بنانے کا فیصلہ

newsdesk
2 Min Read
صدر این پی سی عبدالرزاق سیال نے صحافیوں کی فلاح کے لیے اینڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔

اسلام آباد: نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر عبدالرزاق سیال نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ویلفیئر فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔

این پی سی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق سیال نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش شدید بحران کے باعث بڑی تعداد میں صحافی بیروزگار ہوئے ہیں، جن کی مالی معاونت کے لیے اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔

تقریب کے دوران سینئر صحافی حامد میر نے بھی اپنے قائم کردہ ذاتی ویلفیئر فنڈ کی رقم این پی سی کے اینڈومنٹ فنڈ میں منتقل کرنے کا اعلان کیا۔

عبدالرزاق سیال کا کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب کی موجودہ قیادت اپنے بیروزگار ہونے والے ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، اور فنڈ کے قیام کا اعلان اسی عزم کا عملی اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد پی ایف یو جے کے تمام دھڑوں کا اجلاس بلایا جائے گا، جبکہ تمام صحافتی تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ایک مضبوط اور متحد یونین تشکیل دی جا سکے۔

صدر این پی سی کے مطابق صحافیوں کے حقوق کا مؤثر دفاع اسی صورت ممکن ہے جب صحافتی برادری متحد ہو، کیونکہ اتفاق و اتحاد ہی کے ذریعے صحافی اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

Share This Article