رائیونڈ میں ٹیکا کے تعاون سے مادر و طفل صحت مرکز قائم

newsdesk
4 Min Read
رائیونڈ میں ٹیکا کے تعاون سے مادر و طفل صحت مرکز کا افتتاح کیا گیا، جس کا مقصد مقامی خاندانوں کو بنیادی صحت سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

رائیونڈ لاہور میں ترک تعاون و رابطہ ایجنسی، ٹیکا، کے تعاون سے مادر و طفل صحت مرکز کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ مرکز اردگرد کی آبادیوں میں رہنے والے تقریباً 15 ہزار افراد کو قابل رسائی بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کرے گا۔

یہ منصوبہ جمہوریہ ترکیہ کی صدارت کی جانب سے 2025 میں اعلان کردہ ’’خاندان کے سال‘‘ کے فریم ورک کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ماں اور بچے کی صحت کی خدمات کو مضبوط بنانا، کمزور خاندانوں کے لیے احتیاطی اور کمیونٹی کی سطح پر صحت کی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانا ہے۔

افتتاحی تقریب میں لاہور میں جمہوریہ ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن شیمشیک، ٹیکا پاکستان کی کوآرڈی نیٹر صالحہ تونا، فیسز پاکستان کے صدر جاوید ولیم، پہچان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نعیم ظفر، مقامی رہنماؤں اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل مہمت ایمن شیمشیک نے حالیہ برسوں میں پاکستان میں ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی اموات میں کمی کے حوالے سے پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند مستقبل کی بنیاد صحت مند ماؤں اور بچوں ہی سے رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ، ٹیکا کے ذریعے، ترقیاتی اور صحت کے ایسے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا جو براہ راست لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لاتے ہیں۔

ٹیکا پاکستان کی کوآرڈی نیٹر صالحہ تونا نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ منصوبہ ترقیاتی تعاون کے بارے میں ترکیہ کے عوام مرکز نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔ ’’خاندان کے سال‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماؤں، بچوں اور خاندانوں پر سرمایہ کاری دراصل معاشرے کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مرکز پائیدار شراکت داری کے ایک ماڈل کی نمائندگی کرتا ہے، جس میں ٹیکا نے سہولت قائم کی، فیسز پاکستان اس کا انتظام سنبھالے گا جبکہ پہچان اس کے لیے درکار طبی ماہرین فراہم کرے گا۔

فیسز پاکستان کے صدر جاوید ولیم نے ٹیکا کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس منصوبے کے حقیقی مالک رائیونڈ کے عوام ہیں، کیونکہ یہ مرکز مقامی کمیونٹی کی صحت کی ضروریات کو براہ راست سامنے رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔

بڑے اسپتالوں کے برعکس، جہاں عموماً خصوصی علاج فراہم کیا جاتا ہے، کمیونٹی کی بنیاد پر قائم بنیادی صحت مراکز خاندانوں اور صحت کے نظام کے درمیان پہلا رابطہ ہوتے ہیں۔ ایسے مراکز بنیادی طبی سہولتوں کے ساتھ ماں اور بچے کی نگرانی، احتیاطی صحت، صحت سے متعلق آگاہی، مشاورت، ابتدائی تشخیص اور ضرورت پڑنے پر جدید علاج کے لیے بروقت ریفرل کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔

یہ مرکز ایسے مقام پر قائم کیا گیا ہے جہاں رسائی کو زیادہ سے زیادہ آسان بنایا جا سکے۔ یہ ایک کم سہولت یافتہ علاقے کو خدمات فراہم کرے گا جہاں مسلمان اور مسیحی برادریاں آباد ہیں، تاکہ ضرورت مند خاندانوں کو بنیادی صحت کی ضروری سہولتیں گھر کے قریب دستیاب ہو سکیں۔

مرکز کی عمارت بھی ترقی کے پائیدار انداز کی عکاس ہے۔ روایتی مقامی طرز تعمیر سے متاثر ہو کر اسے کم لاگت، ماحول دوست اور موسمی حالات سے ہم آہنگ سہولت کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں مقامی تعمیراتی طریقوں کو جدید طبی ضروریات کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے، جو کم سہولت یافتہ علاقوں میں کمیونٹی ہیلتھ انفراسٹرکچر کے لیے ایک عملی اور قابل تقلید ماڈل پیش کرتا ہے۔

Share This Article