اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی سینئر مینز ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ تربیتی کیمپ کے لیے میرٹ پر مبنی نیا انتخابی نظام متعارف کرا دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد شفافیت، انصاف اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے انتخاب کو یقینی بنانا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق ہر کھلاڑی کو پانچ اہم شعبوں میں پرکھا جائے گا، جن میں گیم آگاہی، تکنیکی مہارت، جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور رویہ شامل ہیں۔ ٹرائلز اور تربیتی کیمپ کے دوران کوچنگ اسٹاف ہر شعبے میں کھلاڑیوں کو ایک سے پانچ تک اسکور دے گا۔
مجوزہ معیار کے تحت ورلڈ کپ تربیتی کیمپ میں جگہ بنانے کے لیے کھلاڑیوں کو پانچ میں سے کم از کم تین شعبوں میں تین یا اس سے زائد اسکور حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
فیڈریشن نے بتایا کہ انتخاب کا یہ مجوزہ فریم ورک بین الاقوامی کوچز نے عالمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا ہے۔ کھلاڑیوں کی جانچ کے لیے جدید ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی، جس میں جی پی ایس ٹریکنگ سسٹمز اور ویڈیو پرفارمنس اینالیسس شامل ہیں، تاکہ انتخابی عمل کو شفاف اور معروضی بنایا جا سکے۔
پی ایچ ایف کے مطابق مجوزہ انتخابی معیار اور سفارشات حتمی منظوری کے لیے سلیکشن کمیٹی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کو پیش کی جائیں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہاکی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا انتخاب صرف میرٹ، کارکردگی اور سائنسی کارکردگی کے تجزیے کی بنیاد پر کیا جائے گا، تاکہ عالمی ایونٹ میں ایک مضبوط اور مسابقتی ٹیم میدان میں اتاری جا سکے۔
