ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ریجنل دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری کے شہریوں نے اپنی درخواستیں اور پولیس سے متعلق شکایات پیش کیں۔ شہریوں نے مختلف نوعیت کے کیسز اور شکایات اپنے مسائل کے حل کے لیے تحریری اور زبانی طور پر جمع کروائیں۔آرپی او نے شہریوں کی پیش کردہ درخواستوں کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ تمام درخواستوں پر قانون کے مطابق بروقت کارروائی کریں اور مقررہ ٹائم فریم میں رپورٹ پیش کریں۔ اس ضمن میں آرپی او نے کارروائی کی شفافیت اور تیز رفتاری پر زور دیا تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف مہیا کیا جا سکے۔آرپی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کھلی کچہریاں باقاعدگی سے جاری رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ پولیس سے متعلقہ شکایات کا ازالہ فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور متعلقہ افسران عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ پبلک سروس ڈیلیوری کے معیار میں بہتری آئے۔کھلی کچہری کے دوران آرپی او نے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کی اور مسائل کے بروقت حل کے لیے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے درمیان رابطے مضبوط رکھنے کی ہدایت دی۔ ترجمان آر پی او راولپنڈی ریجن نے بھی عوامی مسائل کے جلد حل اور رپورٹس کی فراہمی پر امور کی نگرانی کا یقین دلایا۔
