راولپنڈی: لیاقت روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شیخ عبدالوحید نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ اس سے خطے میں عدم استحکام اور معاشی بحران مزید بڑھتے ہیں۔
اپنے ایک اہم بیان میں شیخ عبدالوحید نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی نے علاقائی صورتحال کو مزید خراب کیا ہے، جس کے منفی اثرات عالمی معیشت کے ساتھ پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ مہنگائی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم آمدنی اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے، کیونکہ بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کی قوت خرید کو مسلسل کم کر رہی ہیں۔
شیخ عبدالوحید نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے، خوراک کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام، علاقائی امن اور عوامی خوشحالی جنگ سے نہیں بلکہ مذاکرات، امن اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
