شکاگو: وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے شکاگو میں زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ہیڈکوارٹرز آمد پر زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیل دمیر، ایڈوائزر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فارخ رضا اور فاؤنڈیشن کی قیادت کے ارکان نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیل دمیر نے وفاقی وزیر کو فاؤنڈیشن کی عالمی انسانی خدمات اور فلاحی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ ایک دستاویزی پریزنٹیشن میں بتایا گیا کہ ادارہ 40 سے زائد ممالک میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے، جن میں یتیم بچوں کی کفالت، ہنگامی آفات میں امداد، اسکول سے باہر بچوں کی تعلیم، صاف پینے کے پانی تک رسائی، ہنرمندی کی تربیت، بحالی کے پروگرامز اور ذہنی صحت کی خدمات سمیت متعدد انسانی فلاحی سرگرمیاں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے آئندہ ترک ثقافتی میلے میں شرکت کی دعوت دینے پر زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دنیا بھر میں فاؤنڈیشن کی نمایاں انسانی خدمات کو سراہا اور پاکستان میں اس کے فلاحی و ترقیاتی کاموں کی خصوصی تعریف کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پاکستان کی وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کی کامیابیوں اور جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت وزارت ملک بھر میں کمزور اور مستحق خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری کے لیے سماجی تحفظ کے مختلف پروگرامز پر عمل درآمد کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت کے تحت کام کرنے والے ادارے، جن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ، پاکستان بیت المال اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ اتھارٹی شامل ہیں، مالی معاونت، پیشہ ورانہ ہنرمندی، تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے اقدامات کے ذریعے غربت میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
پیر سید عمران احمد شاہ نے زور دیا کہ حکومتِ پاکستان اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ معیاری صحت، تعلیم، روزگار کے مواقع اور سماجی تحفظ کی سہولیات مستحق شہریوں تک ان کی دہلیز پر پہنچائی جائیں۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان میں تخفیفِ غربت، انسانی ترقی اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیل دمیر کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔ اس موقع پر شکاگو میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔
