اسلام آباد، 7 جولائی 2026: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) کے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (CAMEA) نے پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ (PAIDAR) کے اشتراک سے روانڈا کے یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور روانڈا کے قومی ترانوں سے ہوا۔
تقریب سے چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود، پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو، روانڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نعیم خان، ڈائریکٹر کیمیا ڈاکٹر آمنہ خان اور تقریب کے مہمانِ خصوصی و صدر پیڈار سینیٹر مشاہد حسین سید نے خطاب کیا۔
سفیر خالد محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ روانڈا کا یومِ آزادی 1994 میں توتسی نسل کشی کے المناک سانحے کے بعد امن، مفاہمت اور ترقی کی جانب ملک کے غیر معمولی سفر کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مقاصد پر مبنی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز اور روانڈا کی بحالی میں پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خارجہ شہریار ایم خان کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے روانڈا میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے اہم خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کیگالی اور اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے قیام سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے، جس سے تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر آمنہ خان نے کہا کہ روانڈا کا یومِ آزادی نسل کشی کے المناک دور سے نکل کر امن، قومی مفاہمت اور پائیدار ترقی کی جانب کامیاب پیش رفت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمیا افریقی ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور مکالمے کو فروغ دے کر پاکستان کے افریقہ کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کیگالی اور اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے قیام کو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے ہائی کمشنر محمد نعیم خان اور ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو کی خدمات کو سراہا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے روانڈا کی قومی استقامت، مفاہمت اور سماجی و معاشی ترقی کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ روانڈا استحکام، جدیدیت اور ڈیجیٹل ترقی کی ایک کامیاب مثال بن چکا ہے۔ انہوں نے افریقی آزادی کی تحریکوں کے لیے پاکستان کی دیرینہ حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی روابط کے بعد پاکستان اور روانڈا کے تعلقات میں نئی رفتار آئی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون، عوامی روابط اور افرو۔ایشیائی یکجہتی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو نے روانڈا پیٹریاٹک آرمی کے ان فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت روانڈا آج افریقہ کے صاف، سرسبز اور جدید ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل جدت، صحت، پُرامن جوہری توانائی اور کانفرنس ٹورازم کے شعبوں میں روانڈا کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان اور روانڈا کے مضبوط دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، بالخصوص موسمیاتی تبدیلی اور گرین انرجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور روانڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان میں فرینڈز آف روانڈا کے کردار کو سراہا۔
روانڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نعیم خان نے کہا کہ روانڈا کا یومِ آزادی ملک کے امن، ترقی اور قومی تعمیر کے سفر کا ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن، شفاف طرزِ حکمرانی، عوامی خدمات اور ترقی کے میدان میں روانڈا کی نمایاں کامیابیوں کو دیگر ممالک کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور کاروباری روابط میں اضافے سے پاکستان اور روانڈا کے درمیان تجارت کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں اور سیاحوں پر زور دیا کہ وہ روانڈا میں موجود کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے بڑھتے ہوئے امکانات سے بھرپور استفادہ کریں۔
