بارانی زرعی یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کو مصنوعی ذہانت(اے آئی)، ڈیجیٹل ٹولز اور انٹرپرینیورشپ سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان
وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز اور انسٹیٹیوٹس کا تفصیلی دورہ کیا، جس کا مقصد تعلیمی، انتظامی اور تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور ادارہ جاتی ترقی کے عمل کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مختلف فیسیلیٹیشن کمیٹیز کے اراکین بھی موجود تھے جو تکنیکی، انتظامی اور علمی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران وائس چانسلر نے ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئرمینز، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے مختلف تعلیمی پروگرامز، تحقیقی منصوبوں، تدریسی معیار اور انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی جدید تحقیق، اختراع اور ڈیجیٹل مہارت کے ذریعے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلی لانے کے لیے عملی اقدامات کر ری ہے کیونکہ عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم ہی ملک کی ترقی اور عالمی معیار کی ضمانت ہے۔
ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وائس چانسلر نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام فیکلٹی ممبران کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق خصوصی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کو مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل ٹولز سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ وہ اپنی تدریسی و تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے طلبہ کو جدید ترین علمی و عملی مہارتوں سے آراستہ کر سکیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے طلباء میں انٹرپرینیورشپ ذہنیت کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام، قومی ترقی اور پائیدار خوشحالی کے لیے نوجوانوں میں کاروباری سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور خود روزگار کے رجحان کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو صرف ملازمت کے حصول تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں ایسے قابل، باصلاحیت اور پُراعتماد نوجوان بنائیں جو روزگار پیدا کرنے والے کے طور پر معاشرے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
دورے کے دوران وائس چانسلر نے آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن (Outcome-Based Education-OBE) کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا اور تمام تعلیمی شعبہ جات کو ہدایات جاری کیں کہ نصاب کی تیاری، تدریسی حکمت عملی، تشخیصی نظام اور طلبہ کے تعلیمی نتائج میں مسلسل بہتری کو یقینی بنایا جائے تاکہ قومی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق یونیورسٹی کے تعلیمی معیار میں مزید اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یونیورسٹی کی لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن، جدید تدریسی سہولیات کی فراہمی، کلاس رومز کی بہتری اور مجموعی تعلیمی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی تحقیق، اختراع، ڈیجیٹل تبدیلی، معیاری تعلیم اور صنعتی روابط کے فروغ کے ذریعے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی علمی شناخت کو مزید مستحکم بنائے گی اور طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید مہارتوں سے لیس کرے گی۔
