ہانیہ احمد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

newsdesk
3 Min Read
ڈاکٹر نکھات شکیل خان نے چکوال میں نو سالہ ہانیا احمد کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شفاف تفتیش و جوابدہی کا مطالبہ کیا۔

9 سالہ ہانیہ احمد کی ہلاکت افسوسناک سانحہ، شفاف تحقیقات اور جوابدہی یقینی بنائی جائے: ڈاکٹر نکہت شکیل خان

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی رکن اور پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال (PCCR) کی کنوینر ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے چکوال میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 9 سالہ آسٹریلوی نژاد پاکستانی بچی ہانیہ احمد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

منگل کو جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے کہا کہ ایک معصوم بچے کی جان کا ضیاع کسی بھی صورت ناقابلِ قبول اور انتہائی دلخراش سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے متعلق کسی بھی واقعے میں انتہائی حساسیت، ذمہ داری اور جوابدہی کا مظاہرہ کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو زندگی، تحفظ اور سلامتی کا بنیادی حق حاصل ہے اور ریاستی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ بچوں کو ہر قسم کے تشدد، خطرات اور نقصان سے محفوظ رکھا جائے۔

پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال کی کنوینر کی حیثیت سے ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سمیت ہر صورتحال میں بچوں کے تحفظ اور سلامتی کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے اور اس امر کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتا ہے کہ سیکیورٹی آپریشنز کے دوران طے شدہ طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد، مؤثر نگرانی اور بچوں کے حقوق و تحفظ کو مدنظر رکھنے والی حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔

ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے مرحومہ ہانیہ احمد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے ہانیہ کے والد اور بھائی کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے سانحات ہمیں اس مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ بچوں کو ہر قسم کے نقصان اور خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر نظام اور حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ ہانیہ احمد کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے