ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کا کردار تاریخی سفارتی کامیابی، قومی قیادت کو خراجِ تحسین: اسپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو ایک تاریخی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مؤثر سفارت کاری نے تقریباً پانچ دہائیوں سے جاری تعطل کو ختم کرنے اور خطے سمیت دنیا میں امن کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی مثبت سفارتی کاوشوں اور مسلسل رابطوں نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا، جس کے نتیجے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش خطرات میں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے میں بامعنی کردار ادا کیا۔
سردار ایاز صادق نے اس اہم سفارتی پیش رفت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت، سیاسی بصیرت اور امن کے لیے غیر متزلزل عزم نے اس عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اسپیکر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزارتِ خارجہ اور پاکستانی سفارتی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر سفارتی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی، قومی سلامتی کے مشیر جنرل عاصم ملک، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دفتر خارجہ کی پوری ٹیم کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مربوط کاوشیں اس کامیابی کا اہم حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت کے درمیان مثالی ہم آہنگی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان عالمی امور میں ایک ذمہ دار، قابلِ اعتماد اور مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ تصادم کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی ہے اور یہی پالیسی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی ضامن ہے۔
اس موقع پر قومی اسمبلی میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسپیکر نے ایران اور امریکہ کی قیادت کو سفارتی پیش رفت پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ جاری مذاکراتی عمل ایک پائیدار امن معاہدے کی صورت اختیار کرے گا، جو خطے اور دنیا میں استحکام، خوشحالی اور باہمی اعتماد کے فروغ کا باعث بنے گا۔
سردار ایاز صادق نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت کرنے والے دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پیچیدہ عالمی مسائل کے حل کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان مستقبل میں بھی ایران اور امریکہ کے درمیان پائیدار امن معاہدے کی تکمیل میں مثبت کردار ادا کرتا رہے اور خطے سمیت پوری دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کا ذریعہ بنے۔
