ریلوے پریم یونین سی بی اے کے زیر اہتمام حسنی انٹرنیشنل اور ہیلپ اینڈ نیڈ کی شراکت سے عید الاضحی کے موقع پر ریلوے کے پانچ سو خاندانوں کو قربانی کا گوشت فراہم کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر خضر حیات، آرگنائزر محمد خان، نفیس خان، سینئر رہنما سید ظہور شاہ، یونس جٹ، ملک طاہر، ندیم منیر گجر اور منصور ہزاروی سمیت متعدد عہدیداران اور بڑی تعداد میں مزدور موجود تھے۔ڈاکٹر اشتیاق

عرفان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسنی انٹرنیشنل اور ہیلپ اینڈ نیڈ کے تعاون پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام ریلوے مزدوروں کی خوشیوں میں شراکت کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کا گوشت تقسیم کر کے عید کی خوشیوں کو کم از کم پانچ سو خاندانوں تک پہنچایا گیا، جو کہ کسی بھی سماجی تعاون کی اہم مثال ہے۔ہیلپ اینڈ نیڈ کے سربراہ محمد حامد خان بنگش، پروگرام آرڈینیٹر سید عثمان علی شاہ، عمر مجاہد اور ارجن حسنی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان تنظیموں کا مشن دنیا بھر میں بلا تفریق ضرورت مندوں کی مدد جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے ریلوے پریم یونین سی بی اے اور دیگر عہدیداران کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے سماجی پروگرام جاری رہیں گے تاکہ ضرورت مند طبقوں کو ریلیف پہنچتا رہے۔تقریب میں شریک رہنماؤں نے کہا کہ قربانی کا گوشت تقسیم کرنا نہ صرف مادی معاونت ہے بلکہ عید کے موقع پر انسانی جذبے اور یکجہتی کی عکاسی بھی ہے۔ شرکائے تقریب نے تنظیموں کی کوششوں کو سراہا اور مزدوروں نے بھی اس تعاون پر حکام اور شراکت دار تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پروگرام کی انتظامی ذمہ داری نبھانے والے افراد نے آئندہ بھی اس طرح کے اشتراک کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا تاکہ مزید خاندانوں تک قربانی کا گوشت اور دیگر امدادی اشیاء پہنچائی جا سکیں۔
