رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عمران الیاس نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور عوامی سہولیات کی فراہمی کیلئے تگ و دو جاری ہے اور یہ کوششیں آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچنے نہیں دیں گے اور ہر ممکن انداز میں مسائل کے پائیدار حل کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔چوہدری عمران الیاس نے سماجی رہنما محمد عامر صدیقی اور فیصل اعجاز انصاری سے ملاقات میں علاقے کے موجودہ مسائل پر بات چیت کی۔ عامر صدیقی اور فیصل اعجاز انصاری نے انہیں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے زراعت و ماہی گیری اور رکن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و جیل خانہ جات پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور علاقے کیلئے بہتر خدمات کی توقع کا اظہار کیا۔ملاقات میں محلہ فیضان مصطفی کوٹھہ خورد کی گلیوں کی پختگی، نکاسی آب، بجلی اور گیس سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی درخواست کی گئی جس پر چوہدری عمران الیاس نے واضح کہا کہ سڑکیں، گلیاں، سیوریج، بجلی، گیس اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی ان کا مشن ہے۔ عوامی خدمت کیلئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد از جلد علاقے کے رہائشیوں کو ان مشکلات سے نجات دلائی جائے گی اور ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔چوہدری عمران الیاس نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے راولپنڈی کے عوام کیلئے بڑے اور میگا منصوبے دئیے ہیں جن میں متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ متعدد جاری ہیں۔ سڑکیں، پل، انڈر پاسز اور فلائی اوورز جیسے منصوبوں نے شہر کے سفری نظام کو تبدیل کیا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے راولپنڈی جدید دور میں داخل ہو رہا ہے۔ملاقات میں علاقائی رہنماؤں نے کام کی نگرانی اور بروقت تکمیل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ چوہدری عمران الیاس نے عوامی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے چھوٹے بڑے مسائل کو نوٹس میں لے کر عملی اقدامات یقینی بنائیں گے تاکہ عوام کو معمول کی زندگی میں آسانی محسوس ہو اور مقامی سطح پر ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔
