۱۰ اپریل ۲۰۲۶ کو راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی قیادت میں نقل مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ چیئرمین و کمشنر تعلیمی بورڈ راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات کے تحت امتحانی مراکز کی سخت نگرانی جاری رکھی گئی۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے ضلع اٹک کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول پی اے سی کامرہ میں ۱۲ امیدواران کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ تمام کیسز فوری طور پر درج کر کے ڈسپلن برانچ کو بھیج دیے گئے ہیں۔یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن، چیف سیکرٹری پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایات کے تحت انجام دی گئی ہیں۔ کنٹرولر امتحانات نے واضح کیا کہ نقل مافیا کو کسی بھی صورت سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔بورڈ نے کہا ہے کہ امیدواروں کو پرامن، شفاف اور منصفانہ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت امتحانی مراکز میں باقاعدہ چیکنگ اور نگرانی جاری رہے گی۔ مستقبل میں بھی خلاف ورزیوں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ترجمان تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے مزید کہا کہ عوام اور والدین سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے تاکہ تعلیمی شفافیت برقرار رہے اور نقل مافیا کے خلاف بھرپور اہتمام جاری رکھا جا سکے۔
