اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں ڈسلیکسیا آگاہی اور جامع تعلیم کے فروغ کیلئے پیرا کا اہم اقدام

newsdesk
4 Min Read
پیرا نے اسلام آباد کے نجی اسکولوں میں ڈسلیکسیا کی تشخیص، اساتذہ کی تربیت اور شمولی تعلیمی سہولیات کے قیام کے لیے مہم کا آغاز کیا۔

اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں ڈسلیکسیا آگاہی اور جامع تعلیم کے فروغ کیلئے پیرا کا اہم اقدام

پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (ICT-PEIRA) کے زیر اہتمام اتھارٹی کے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔ اجلاس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے نجی تعلیمی اداروں میں ڈسلیکسیا سے متعلق آگاہی، سیکھنے میں مشکلات کی ابتدائی تشخیص اور جامع تعلیم (Inclusive Education) کے فروغ کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں پیرا کے سینئر افسران نے شرکت کی اور ڈسلیکسیا کے شکار طلبہ کو درپیش تعلیمی اور سماجی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نجی اسکولوں میں ایسے طلبہ کی معاونت کیلئے مربوط اور منظم ادارہ جاتی نظام قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ڈسلیکسیا کے بارے میں آگاہی میں اضافہ، اساتذہ کی صلاحیتوں میں بہتری، ابتدائی اسکریننگ اور بروقت معاونت کے نظام کو فروغ دیا جائے تاکہ متاثرہ طلبہ کو مؤثر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بروقت تشخیص اور معاون تعلیمی ماحول اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیمی نظام میں پیچھے نہ رہ جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ ڈسلیکسیا کے شکار بچوں کی معاونت کیلئے ابتدائی تشخیص، اساتذہ کی تربیت اور والدین میں آگاہی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع تعلیم ہر بچے کو معیاری تعلیم تک مساوی رسائی فراہم کرنے کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکولوں کے پرنسپلز، اساتذہ اور والدین کیلئے آگاہی سیمینارز اور اورینٹیشن سیشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ ڈسلیکسیا کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کی جا سکے اور سیکھنے سے متعلق معذوریوں کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

ادارہ جاتی استعداد کو مضبوط بنانے کیلئے پیرا مصدقہ ریمیڈیل تھراپسٹس (Remedial Therapists) کی دستیابی کیلئے بھی اقدامات کرے گا، جن میں شامل ہیں:

• نجی اسکولوں کو تربیت یافتہ ریمیڈیل تھراپسٹس کی تقرری کی ترغیب دینا
• منتخب اساتذہ کو ماسٹر ٹرینرز کے طور پر تربیت دینا
• اساتذہ کو ڈسلیکسیا کی ابتدائی تشخیص اور کلاس روم سپورٹ کی عملی مہارتیں فراہم کرنا
• اسکولوں کے اندر پائیدار سپورٹ سسٹم قائم کرنا تاکہ اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت ممکن ہو سکے

اس کے علاوہ پیرا ماہرین تعلیم، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے اسلام آباد میں ڈسلیکسیا مینجمنٹ اور جامع تعلیم کے فروغ کیلئے ایک مربوط فریم ورک بھی تشکیل دے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام علی ملاح نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیرا اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں جامع، معاون اور سازگار تعلیمی ماحول کے فروغ کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی تعلیمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی تاکہ سیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ کو ضوابط اور عالمی تعلیمی معیارات کے مطابق مناسب تعلیمی معاونت فراہم کی جا سکے۔

 

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے