راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے 12 ربیع الاول 1448 ہجری اور 1501ویں جشن میلاد مصطفیٰ ﷺ کے موقع پر تمام عاشقانِ رسول ﷺ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے اپنے پیغام میں محمد عامر صدیقی نے کہا کہ ربیع الاول وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں رحمۃ للعالمین ﷺ کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد سے تاریکیاں روشنی میں بدل گئیں، ظلمتیں ختم ہوئیں اور انسانیت کو حقیقت کا راستہ نصیب ہوا۔
محمد عامر صدیقی نے کہا کہ یہ وہ مبارک ساعت اور روشن لمحہ تھا جب دنیا کی سب سے عظیم ہستی ﷺ تشریف لائیں۔ حضور اکرم ﷺ کی محبت ایمان کا حصہ ہے اور آپ ﷺ پر درود و سلام بھیجنا اہلِ ایمان کے لیے سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی یاد دلوں کو سکون دیتی ہے اور آپ ﷺ کی سنت زندگی کو سنوارنے کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس بابرکت مہینے میں اپنے دلوں کو عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے منور کیا جائے، اخلاقِ نبوی ﷺ کو اختیار کیا جائے اور معاشرے میں محبت، خلوص اور امن کا پیغام عام کیا جائے۔
محمد عامر صدیقی نے دعا کی کہ اللہ کریم ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت، ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، امن و استحکام کے لیے عملی کردار ادا کرتے ہوئے اسے دنیا میں ممتاز اور کامران بنانے کی ضرورت ہے۔
