زکوۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ سوات، بونیر اور مانسہرہ کے علاقوں میں فوری امداد اور طویل المدتی بحالی کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، تاکہ متاثرہ خاندانوں کی زندگیوں کو دوبارہ بہتر بنایا جا سکے۔ شدید بارشوں کے باعث آنے والے اچانک سیلاب نے ان علاقوں میں تباہی مچا دی، ہزاروں گھر بہا دیے، فصلیں برباد ہو گئیں، چھوٹے کاروبار ختم ہو گئے اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
ان مشکل حالات میں زکوۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ نے سب سے پہلے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر ہنگامی طور پر کھانا، ضروریاتِ زندگی اور گھریلو سامان فراہم کیا۔ سوات میں تنظیم کے رضا کاروں نے پانی اور کیچڑ میں دبے مکانات کی صفائی کی اور خاندانوں کو ان کے گھروں تک دوبارہ رسائی ممکن بنائی۔
ایمرجنسی امداد کے ساتھ ساتھ تنظیم نے زیادہ دیرپا حل کے لیے بھی منصوبہ بندی کی۔ بونیر اور مانسہرہ میں نوجوانوں کے لیے ہنر سکھانے کے پروگرام شروع کیے گئے اور متاثرہ چھوٹے کاروباروں کی بحالی میں معاونت فراہم کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ رکشے، سائیکلیں اور دیگر روزگار کے ذرائع بھی دوبارہ زندہ کرنے کی کوششیں کی گئیں تاکہ متاثرہ خاندان معاشی استحکام حاصل کر سکیں۔
زکوۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے فوری اور دیرپا اقدامات سے متاثرہ کمیونٹیز کو نہ صرف فوری ریلیف ملا، بلکہ وہ اپنے گھروں اور روزگار کی بحالی سے آگے بڑھ کر ایک نئی امید کے ساتھ زندگی کا سفر پھر سے شروع کر رہی ہیں۔
